شہناز شیخ کا نام ہٹاکر راولپنڈی اولمپئنز ہاکی اسٹیڈیم رکھنے کا مطالبہ

556

راولپنڈی(جسارت نیوز)سابق ہاکی اولمپیینز کے اہل خانہ نے شہناز شیخ ہاکی اسٹیڈیم کا نام ” ر اولپنڈی اولمپینز ہاکی اسٹیڈیم ” رکھنے کا مطالبہ کردیا۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ہاکی اولمپیینزکے اہل خانہ نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے خطیر رقم خرچ کرکے راولپنڈی کے شہریوں اور نوجوان ہاکی کے کھلاڑیوں کے لئے تعمیر کیے جانے والے شہناز شیخ ہاکی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے ر اولپنڈی اولمپینز ہاکی اسٹیڈیم رکھا جائے۔ راولپنڈی کے گولڈ میڈلسٹ ہاکی کھلاڑیوں عزیز ملک، اشفاق ، نور عالم، ریاض احمد، رشید سینر، مظہر حسین، گلریز، ذاکر حسین، سلیم شیروانی کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی ملک کا واحد شہر ہے جہاں سے13اولمپینز نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا اور کئی عالمی اعزازت قوم کے نام کیے تاہم راولپنڈی کی کوئی شاہراہ ، سٹریٹ اوراسٹیڈیم ان مایہ کھلاڑیوں کے نام سے منسوب نہیں اور راولپنڈی میں قائم کیے جانے والے ہاکی اسٹیڈیم کو سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق کوچ شہناز شیخ کے نام سے منسوب کیا گیا جبکہ شہناز شیخ کے نام سے ان کے آبائی شہر سیالکوٹ میں ہاکی اسٹیڈیم پہلے ہی موجود ہے ۔ سابق اولمپیئنز کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی کے مایہ ناز کھلاڑیوںکی خدمات کے صلے میں اسٹیڈیم کا نام ر اولپنڈی اولمپینز ہاکی اسٹیڈیم رکھا جائے اور اسٹیڈیم کے ہال آف فیم میں راولپنڈی کے کھلاڑیوں کی تصاویر نصب کی جائیں تاکہ نوجوان نسل راولپنڈی کے ان سپوتوں کو اپنا آئیڈیل بنا سکے ۔ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندے اور انٹرنیشنل ہاکی کے کھلاڑی محمد یسین کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں ہاکی کے کھیل کے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب و صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی ولولہ انگیز قیادت میں ٹارگٹ سیٹ کرلیا گیا ہے۔