جنوبی افریقا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان 9 نئے چہرے متعارف

443

کراچی (اسٹاف ) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقاکے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ، 9 کھلاڑی ایسے ہیں جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے،دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میںجمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بتایا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم ( سینٹرل پنجاب اسکواڈ کے کپتان ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میںاوپنرز عابدعلی ( سینٹرل پنجاب)، عمران بٹ (بلوچستان)، عبداللہ شفیق ( سینٹرل پنجاب)، مڈل آرڈر بیٹسمین اظہر علی ( سینٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، کامران غلام (خیبر پختونخوا) سلمان علی آغا (سدرن پنجاب)، سعود شکیل (سندھ) آ ل رائونڈرز فہیم اشرف( سینٹرل پنجاب)، محمد نواز (ناردرن)، وکٹ کیپرز محمد رضوان (نائب کپتان ، خیبر پختونخوا)، سرفراز احمد(سندھ)، اسپنرز میں نعمان علی (ناردرن)، ساجد خان(خیبر پختونخوا) اور یاسر شاہ (بلوچستان)فاسٹ بولرز حارث رف (ناردرن)، حسن علی( سینٹر ل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (خیبر پختونخوا)اور تابش خان (سندھ) کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے قومی اسکواڈ 19 جنوری کو بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوگا اور 16 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ،ان کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن2020-21 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بدولت قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل رائونڈر حسن علی کی2 سال بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، قائداعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آل رائونڈر حسن علی کو ٹورنامنٹ اور فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا،اس سے قبل9ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حسن علی نے آخری مرتبہ جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔