پاکستان اسٹاک : 56.06فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ

839

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تقویمی سال 2021ء کے پہلے کاروباری ہفتہ کے آغاز پر بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور پیر کو کے ایس ای100انڈیکس مزید 251.66 پوائنٹس کے اضافے سے 44686.46 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 56.06فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کے سرمائے میں 20 ارب 7 کروڑ7لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 15.84فیصد کم رہا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کوٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوااور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں زبردست گرمجوشی کا مظاہرہ کیا گیاجس کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس45ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 45074.37پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث 45ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا ۔