قائد اعظم ٹرافی ، کامران غلام نے 37سالہ ریکارڈ توڑ کر تاریخ رقم کردی

786

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے کامران غلام نے سینٹرل پنجاب کے خلاف فائنل میںقائد اعظم ٹرافی کی اس وقت نئی تاریخ رقم کر دی جب وہ ایک ہی سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ اپر دیر میں پیدا ہونے والے 25 سالہ کامران غلام نے یہ اعزاز کھیل کے تیسرے روز کے تیسرے سیشن کے دوارن دوسری اننگز میں77 واں رنز لے کر حاصل کیا ۔انہوں نے سیزن کی 5ویںسنچری اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ۔ کامران غلام نے سعادت علی کا 37 سالہ پرانا 1217 رنز کا ریکارڈ توڑا ۔ انہوں نے یہ ریکارڈ1983-84 کے سیزن میں بنایا تھا۔ کامران غلام کے لیے رواں سیزن غیر معمولی رہا ہے ۔ آج کے کھیل کے اختتام تک کامران غلام 65.53کی اوسط سے 1245 رنز بنا چکے ہیں۔تاریخی موقع پر کامران غلام نے کہا کہ میرے لیے یہ سیزن بڑا غیر معمولی رہا ہے، میں اپنے ساتھیوں اور کوچز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سیزن میں میری کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی فیملی کا بھی شکر گزار ہوں، فیملی کے تعاون کے بغیر میرے لیے یہ ممکن نہیں تھا کیونکہ 4 ماہ سے زائد عرصہ گھر سے دور رہنا پڑا، اس سیزن کی وجہ سے مجھے بہت اعتماد ملا،مجھے اپنی کاکردگی پرپہلے سے زیادہ یقین حاصل ہوا ہے، عبدالرزاق جیسے مایہ ناز کوچ نے میری کارکردگی کو بہتر بنانے میں بہت مدد کی اور اب میرا مقصد ہے کہ میں اس کو اور بہتر کروں، میرا مقصد اپنے آپ کو مزید بہتر کرنا ہے تاکہ میں اس سے بھی بڑے مقام پر پاکستان کی نمائندگی کرسکوں۔کامران غلام نے 2013 میں انڈر 19 میں پاکستان کی نمائندگی کی،انہوں نے اپنے انڈر 19 کے 19 میچوں میں 48.83 کی اوسط سے 586 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ بائیں بازو سے اسپن بولنگ میں 26.21 کی اوسط سے 19 شکار بھی کئے تھے۔کامران غلام نے 2013-14 سیزن میں شروع ہونے والے اپنے 7 سالہ فرسٹ کلاس کیرئیر میں اب تک9سنچریوں کی مدد سے 2409 رنز بنائے ہیں اور 25 وکٹیں بھی حاصل کی ہوئی ہیں۔