پی سی بی کو بابراعظم کی انجری کے حوالے سے کوئی رسک نہیں لینا چاہیے، سرفراز نواز

259

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو اپنی انجری سے مکمل صحت یاب ہونے کے لئے دورہ نیوزی لینڈ میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ پیر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ پی سی بی کو بابراعظم کی انجری کے حوالے سے کوئی رسک نہیں لینا چاہیے انہیں نیوزی لینڈ سے فوری واپس بلالینا چاہیئے تاکہ وہ آئندہ آنے والی جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے قبل مکمل آرام کر سکیں۔ بابراعظم پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کا اہم جزو ہیں اور جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ سیریز میں ان کی بہت ضرورت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی بائونسی وکٹوں پر کھیلنے کے دوران انہیں دوبارہ چوٹ لگ گئی تو وہ لمبے عرصے کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہوسکتے ہیں۔ سرفراز نواز نے کہا کہ کسی بھی فریکچر کی صورت میں کھلاڑی کو مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے لئے کم از کم ایک ماہ کی ضرورت ہوتی ہے مکمل صحت مند ہونا انٹرنیشنل مقابلوں کی بنیادی ضرورت ہے۔ بابر اعظم قومی ٹیم کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے ۔ ان کی چوٹ کو مناسب طریقے سے سنبھالنا وقت کی ضرورت ہے۔ سرفراز نواز نے کہا کہ بابراعظم کو صحت یاب ہونے کے لئے مناسب وقت دینا چاہیے اور اس سیریز میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے۔