فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی لاپرواہی کے باعث تفریحی پارک تباہ

187

کراچی ( رپورٹ:منیر عقیل انصاری) فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی عدم توجہی کے باعث گلستان جوہر میں لاکھوں روپے کی لاگت سے بنائے گئے پارکس سہولیات کے فقدان اور دیکھ بھال نہ ہونے سے ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں، پارکوں میں بچوں کے لیے نصب جھولے ٹوٹ چکے ہیں،تفریحکے لیے آنے والے بچوں کو ٹوٹے ہوئے جھولوں کیوجہ سے شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑتاہے۔تفصیلات کے مطابق گلستان جو ہر بلاک 15میں فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے زیر انتظام چلنے والا پارک عدم توجہی کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، پارک میں موجود فائبر کے بنے جھولوں میں سورخ ہو گئے ہیںجس سے پارک میں آنے والے بچے کسی وقت بھی گر زخمی ہوسکتے ہیں،پارک میں صفائی اور لائٹس کا بھی خاطر خواہ انتظام نہیں ہے۔پارک میں جگہ جگہ پر گڑھے پڑے ہوئے ہیں، جبکہ بینچ اور شیڈز بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ ابتر صورتحال کے باوجو فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔جھولوں کی مرمت تک نہیں کرائی جارہی ہے۔ لائٹس نہ ہونے سے پارکوں میں اندھیرے کاراج ہوتاہے جس کے باعث رات کے وقت پارکوں میں جانا شہریوں کے لیے ناممکن ہو گیاہے۔ پارک میں رات کے اوقات میں خاص نوجوان جوڑوں کو آنے کی اجازت دی جاتی ہے جبکہ دن کے وقت جب مقامی افراد پارک میں چہل قدمی کررہے ہوتے ہیں اس وقت ٹک ٹاک بنانے والے پارک میں آکر اپنی ویڈیو بنانے میں مصروف نظر آتے ہیں،جس سے پارک میں آنے والوں کوشدید ذ ہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے،شہری اپنے بلاکس کے پارکوں میں سہولیات کے فقدان کے باعث نہیں جاسکتے ہیں، شہریوں نے جسارت کی توسط سے فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں بنائے گئے پارکوں کی تزئین وآرائش اور جھولوں کی مرمت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔