وفاقی کابینہ میں ردوبدل، عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی وزیر کاحلف اٹھالیا

271

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے جبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی وفاقی وزیر بنانے کیلئے مشاوت شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایوانِ صدر اسلام آبادمیں تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عبدالحفیظ شیخ سے وفاقی وزیر کا حلف لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو وفاقی وزیر بنانے کیلئے مشاوت شروع ہوگئی ہے جبکہ وزیر ریلویز شیخ رشید اور اعظم خان سواتی  کا قلمدان تبدیل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے مشیر اور معاونینِ خصوصی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزیرِاعظم عمران خان نے آئینی اختیار کے تحت 3 مشیروں کو وفاقی وزیر بنانے پر قانونی ٹیم سے مشاورت کرنے کے بعد فیصلہ کیا  تھا۔

خیال رہے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان آئینی حق استعمال کرتے ہوئے غیر منتخب شخص کو6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنا سکتے ہیں جبکہ میڈیا کے مطابق ان تینوں وزراء کو مارچ میں شیڈول سینیٹ انتخابات میں سینیٹ کا ٹکٹ بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ میں حالیہ ردوبدل کے بعد شیخ رشید کو وفاقی وزیرداخلہ بنادیا گیا اور اعظم خان سواتی کو وزیر ریلوے بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بریگیڈیئر اعجاز شاہ کا قلمدان  بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور ان کو نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان سونث دیا گیا ہے۔