اس بارایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں گہما گہمی نہیں ،محمد اسلم خان

342

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اکانومی واچ کے چیئر مین برگیڈئیر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں تین ہفتے رہ گئے ہیں مگر اس بار ماضی کی طرح گھما گہمی نظر نہیں آ رہی۔ووٹر مایوس اور کنفیوز ہیں کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) اور بزنس مین پینل (بی ایم پی) میں سے کس کا انتخاب کریں کیونکہ دونوں گروپوں نے ڈیلور نہیں کیا۔یو بی جی نے پانچ سال تک ایف پی سی سی آئی پر راج کیا مگر کوئی قابل قدر کام نہیں کر سکی جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بی ایم پی نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر الیکشن میں کامیابی حاصل کی مگر ان کا نعرہ عملی صورت اختیار نہیں کر سکا ہے۔ دونوں گروپس نے ابھی تک اپنے منشور کا اعلان بھی نہیں کیا ہے کیونکہ دونوں نے ایسا کچھ نہیں کیا ہے جس کا کریڈٹ لیا جا سکے نہ ہی ایف پی سی سی آئی کی ساکھ اوراستعداد بڑھانے کی کوئی کوشش کی گئی ہے ۔الیکشن میں کاروباری برادری کی دلچسپی کا یہ حال ہے کہ ابھی تک یو بی جی کو بلوچستان سے نائب صدارت کے لیے امیدوار نہیں مل رہا ہے جبکہ بزنس مین پینل کو پانچ اہم حلقوں سندھ، بلوچستان، کیپیٹل ایریا، اسمال چیمبر اورویمن کی سیٹ کے لیے امیدوار نہیں مل رہے جس سے الیکشن میں اسے دھچکا لگ سکتا ہے۔