آسٹریلیا نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں شکست دے دی

228

اوول(جسارت نیوز) آسٹریلیا نے بھارت کو ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے شکست دے دی مچل سویپسن کو مین آف دی میچ جبکہ بھارت کے ہارڈک پانڈیا کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بھارت نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ منگل کو اوول کے میدان میں کھیلے گئے بھارت آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کے اوپنر میتھیو ویڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز بنائے جن میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں جبکہ جارحانہ بلے باز گلین میکسویل نے 54 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور3 چوکے شامل ہیں۔ اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ بھارت کے واشنگٹن سندر نے 2 جبکہ نتاراجن اور ٹھاکر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ 187رنز کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا۔ اوپنر کے ایل راہول پہلے ہی اوور میں صفر پر آئوٹ ہوگئے تاہم کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو پریشان کئے رکھا۔ کوہلی 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔بھارت کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 174رنز ہی بنا سکی۔ آسٹریلوی بولر مچل سویپسن نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلیا کی فتح کو یقینی بنایا جبکہ میکسویل ایبٹ ٹائی اور ایڈم زمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح آسٹریلیا نے میچ میں 12 رنز سے فتح حاصل کی۔ آسٹریلیا کے مچل سویپسن کو مین آف دی میچ جبکہ بھارت کے ہارڈک پانڈیا کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بھارت نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-1 سے جیت لی۔