علماء کرام، رکن جمیعت کے قتل میں ملوث سپاہ محمد زینبیون کے دہشتگرد گرفتار

846

کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرکے کالعدم سپاہ محمد زینبیون گروپ کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اعلامیہ کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم سپاہ محمد کے 2 کارندوں کو گرفتارکرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں کرار حسین عرف پٹھان اور کامران حیدر عرف کامی شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں، ملزم پڑوسی ملک سے تربیت یافتہ ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ملزمان نے 2007 سے 2013 تک مذہبی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، ملزمان نے تحقیقات کے دوران مفتی نظام الدین شامزئی، مفتی یوسف لدھیانوی سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزم کرار نے آغا حسن کے حکم پر شاہ فیصل میں مدثر نامی شخص کو قتل کیا، ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈاکٹر محبوب اور ڈیفنس میں عیسیٰ نامی شہری کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا۔

ملزم کامران حیدر نے 2007 میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسلامی جمعیت طلبہ کے رکن واصف عزیز، 2018 کے آغاز میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قاری کو گلشن اقبال میں قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا۔