کورونا: ترک نژاد کی تیار کردہ ویکسین برطانیہ نے لگانا شروع کردی

355

لندن: ترک نژاد ڈاکٹر اوزگر شاہین کی تیار کردہ ویکسین برطانوی شہریوں نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے لگوانا شروع کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں آج کا دن “V-Day  ” کے طور پر منایا جا رہا ہے، برطانیہ کے 70 اسپتالوں میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بچنے کے لیے شہریوں کو لگائی جارہی ہے۔

ترک نژاد ڈاکٹر اوگر شاہین کی تیارکردہ ویکسین 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی اور اس کے ساتھ تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو یہ ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

برطانیہ دنیا میں پہلا ملک ہے جس نے کورونا وائرس کی ویکسین کے استعمال میں پہل کی ہے، اس ویکسین کے نتائج 94 فیصد سے زائد ہیں جس کے بعد برطانوی حکومت نے بائیون ٹیک اور پی فائزر سے یہ ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔

 برطانوی وزیر صحت نے کہا کہ آج سرنگ کے آخری کنارے پر روشنی نظر آئی ہے، آج کا دن اس لحاظ سے اہم ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے لئے ویکسین مختصر مدت میں تیار ہو کر عوام کے لئے دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ یہ کورونا وائرس کی ویکسین ترک نژاد ڈاکٹر اوگر شاہین اور ان کی اہلیہ اوزلم تورچی کی بائیون ٹیک کمپنی نے امریکی کمپنی پی فائزر کے ساتھ مل کر تیار کی ہے۔