قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا7واں رائونڈ آج سے شروع ہو گا

251

کراچی (اے پی پی)6 ٹیموں پر مشتمل قائد اعظم ٹرافی میں پہلی 2 پوزیشنز کے لیے بھرپور مقابلے جاری ہیں ،فائنل کی دوڑ میں جانے کے لیے ٹورنامنٹ اب حتمی مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، آج سے ٹورنامنٹ کا 7 واں رائونڈ شروع ہو رہا ہے۔ چھٹے رائونڈ میں ناردرن اور خیبر پختوخواہ کی ٹیمیں کامیاب ہوئیں جبکہ سینٹرل پنجاب نے بھی ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی، پوائنٹس ٹیبل پر بھی کچھ تبدیلیاں ہو ئیں۔سدرن پنجاب جو سیزن کے آغاز سے ہی فتوحات سمیٹ رہی تھی، ناردرن سے 6 وکٹوں کی شکست کے بعد اب تیسری پوزیشن پر چلی گئی ناردرن اب ٹاپ رینک سائیڈ بن چکی ہے۔ خیبرپختوخواہ نے چوتھے نمبر پر موجود بلوچستان کو 175 رنز سے شکست دی اور 25 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد اب دوسری پوزیشن بھی حاصل کر لی یوں اب ناردرن سے محض6 پوائنٹس کا فرق ہی رہ گیا ہے۔دفاعی چیمپئین سینٹرل پنجاب نے اب تک 6 میچ کھیلے ہیں، اپنی پہلی فتح بھی حاصل کر لی،حسن علی کی قیادت میں ٹیم کی یہ بھرپور خواہش ہے کہ وہ اپنی کھوئی ہوئی فارم کو بحال کریں،سندھ کے خلاف 227 رنز کی فتح سے انکی ٹیم 24 قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ناردن کا مقابلہ سینٹرل پنجاب سے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔