دورہ نیوزی لینڈ: قومی اسکواڈ کو آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت

408

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ حکام کی جانب سے قومی اسکواڈ کو مینجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے.

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق نیوزی لینڈ میں قومی اسکواڈ کو مینجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت مل گئی ہے، 53 رکنی پاکستانی اسکواڈ میں شامل 51 ارکان کل کرائسٹ چرچ کی مینجڈ آئسولیشن چھوڑ دیں گے.

پی سی بی کا کہنا ہے کہ چھٹے اور نویں روز کورونا کیس رپورٹ ہونے والے 2 ارکان یہیں آئسولیشن پوری کریں گے تاہم دونوں ارکان آئسولیشن کی مدت مکمل کرکے کوئنز ٹاؤن میں اسکواڈ جوائن کریں گے.

قومی اسکواڈ کی گزشتہ روز لی گئی کورونا ٹیسٹ رپورٹ بھی منفی آئی ہے جس کے بعد قومی اسکواڈ کل مینجڈ آئسولیشن چھوڑ کر قریبی ہوٹل پہنچ جائے گا، مینجڈ آئسولیشن چھوڑنے کے بعد اسکواڈ پر کورونا ایس او پیز لاگو نہیں ہوں گے جبکہ قومی اسکواڈ کا آخری ہیلتھ چیک اپ کل ہوگا.

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق وزارت صحت کی منظوری کے بعد کل پاکستانی اسکواڈ مینجڈ آئسولیشن چھوڑ دے گا اور کوئنزٹاؤن میں ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹریننگ کرسکے گا.

خیال رہے کہ گزشتہ روز دورہ نیوزی لینڈ میں موجود 53 رکنی پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی کرائسٹ چرچ میں 12 ویں روز کی کورونا ٹیسٹنگ مکمل کی گئی تھی.

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 53 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آیا تھا.