مشکل حالات میں صبر کرنے پر کھلاڑیوں کا مشکور ہوں، مصباح الحق

324

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ پر پہنچنے والے قومی اسکواڈ کو مسلسل آئسولیشن میں صبر اور برداشت کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کیا.

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف 18 رکنی قومی اسکواڈ کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز میں ان لڑکوں کو موقع دیا جو گزشتہ کچھ عرصے سے متواتر اسکواڈز کاحصہ ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے.

ہیڈ کوچ کے مطابق نیوزی لینڈ کے چند قوانین  نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پرمتاثر کیا لیکن کوویڈ 19 کے دوران کرکٹ کی سرگرمیاں بحال رکھنے میں پاکستانی کھلاڑیوں کا کردار بہت اہم ہے.

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ آئسولیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد سب کچھ پس پشت رہ جائے گا جبکہ مشکل حالات میں صبر،برداشت کا مظاہرہ کرنے پر تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کا مشکور ہوں.

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 53 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آیا تھا.

قومی کھلاڑیوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی کی تو پوری ٹیم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا.

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور جن 6 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں.