اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پی ڈی ایم لیڈر کی مشاورت سے استعفوں کا فیصلہ کرے گی،استعفوں کا آپشن ایک ریڈ کارڈ ہے جو دکھا کر اس حکومت کو رِنگ سے باہر کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کا آئندہ جلسے کے بعد حکومت کا رہنا مشکل ہو جائے گا،یہ کہتے ہیں استعفے ہوئے تو ضمنی الیکشن کروا دیں گے، یہ ایک دو سیٹوں کا معاملہ نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ بیوروکریسی کے افسران اپنے کردار کو عمران خان کے داغوں سے داغدار نہ کرے، سرکاری افسروں سے زبردستی میرے خلاف بیان دلوائے گئے وزیر اعظم تمام اداروں کو داغدار کرنا چاہتا ہے، ہم نے قومی اداروں کی شہرت کو بچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ نیب لوگوں کو ڈراتا ہے اور جھوٹے مقدمے قائم کرتا ہے، چیئرمین نیب اور اعلی افسران کے اثاثوں کی بھی اسی طرح تحقیقات ہونی چاہیے جس طرح وہ دوسروں کی کرتے ہیں، پاکستان کی انتظامی مشین جام ہو چکی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی تعمیر کرنا میرے لئے گناہ بن گیا ہے،میری وزارت میں32 سو ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوئے،نیب کے ذریعے سویلین اور سیاستدانوں کا بے عزتی پروگرام چل رہا ہے۔