قائداعظم ٹرافی، پختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو شکست دیدی

250

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ایم سی گراؤنڈ قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کے نویں رائونڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے ہی روز خیبر پختونخواہ نے سینٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کے دوسرے روز خیبر پختونخواہ کی ٹیم سینٹرل پنجاب کی پہلی اننگز کے 171 رنز کے جواب میں 226 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اور اسے 55 رنز کی برتری حاصل ہو ئی۔ خیبر پختونخواہ کی جانب سے مہران ابراہیم نے 67 ، آصف آفریدی نے 40 رنز بنائے۔ دونوں گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین تھے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے اسفند مہران نے 5 اور کامران افضل نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 55 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم ثاقب جمیل اور آصف آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے نہ جم سکی اور پوری ٹیم 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ثاقب جمیل نے 26 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ آصف آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کی میچ میں 8 وکٹیں ہیں۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا لیے ہیں۔ کاشف اقبال 25 اور شعیب احمد 2 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ناردرن کے کووڈ 19 ری پلیسمنٹ زید عالم 11 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئے انہیں حسن رضا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔اس سے قبل بلوچستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسرے روز پہلی اننگز کے کھیل کا آغاز کیا تو 9 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں 361 رنز بنائے تھے۔کے سی سی اے اسٹیڈیم میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے سندھ کے خلاف دوسری اننگز میں 103 رنز بنائے ہیں اور اس کی 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ علی عثمان دو اور محمد محسن 12 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انس مصطفے نے 27 اور وقار حسین نے 21 رنز بنائے۔ سندھ کی جانب سے عاشق علی اور محمد اصغر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔