نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ،18رکنی ٹیم کا اعلان

156

 

کرائسٹ چرچ(جسارت نیوز)نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے18 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا جبکہ نیوزی لینڈ اے کے خلاف چار روزہ میچ کیلیے پاکستان شاہینز کے 16 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 18، 20اور 22 دسمبر کو بالترتیب آکلینڈ، ہملٹن اور نیپئر میں کھیلے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ اے اور پاکستان شاہینز کے مابین چار روزہ میچ17 دسمبر سے وانگرائے میں کھیلا جائے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم نے پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی مشاورت کے بعد اسکواڈزکو حتمی شکل دی۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میںبابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، سرفراز احمد ، محمد رضوان،حیدر علی، محمد حفیظ، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر،وہاب ریاض، فہیم اشرف، موسیٰ خان، عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔ 17 دسمبر سے وانگرائے میں نیوزی لینڈ اے کے خلاف شروع ہونے والے چار روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کے 16 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں کپتان روحیل نذیر سمیت عمران بٹ، امام الحق، ذیشان ملک ،شان مسعود ،عابد علی، اظہر علی، یاسر شاہ، سہیل خان ، عماد بٹ ،حارث سہیل ،فواد عالم، محمد عباس، ظفر گوہر، نسیم شاہ اور دانش عزیز اسکواڈ میں موجود ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز فی الحال کرائسٹ چرچ میں اپنی قرنطینہ کی مدت پوری کررہے ہیں۔ دونوں اسکواڈز 8 دسمبر کو کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ علیحدہ علیحدہ ہوٹلز میں قیام کریں گے۔ دونوں اسکواڈز 9 دسمبر سے کوئنز ٹاؤن میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلنے کے بعد دونوں اسکواڈز سیریز میں شرکت کے لیے اپنے اپنے مقررہ وینیوز پر روانہ ہوجائیں گے۔قومی اسکواڈ 15 دسمبر جبکہ پاکستان شاہینزکا اسکواڈ 14 دسمبر کو بالترتیب آکلینڈ اور وانگرائے روانہ ہوگا۔نیوزی لینڈ کے خلاف اعلان کردہ 18 رکنی قومی کرکٹ ٹیم میں تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر عماد وسیم اور محمد حفیظ کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا جائے گا۔ عماد وسیم 23 دسمبر کوبگ بیش لیگ کھیلنے آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ 24 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاہے کہ وہ مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے دوران کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔دنیا کے ہر مایہ ناز ایتھلیٹ کو اپنے ملک کی نمائندگی سے قبل ایک مخصوص ماحول درکار ہوتا ہے کہ جہاں وہ کھیل کے آغاز سے قبل اپنی تیاری مکمل کرسکے ۔