کورونا کیسز، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے مابین شیڈول سیریز منسوخ

520

کیپ ٹاؤن: کورونا کیسز کی وجہ سے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے مابین شیڈول ون ڈے سیریز منسوخ کردی گئی۔

میزبان  جنوبی افریقہ اورمہمان انگلینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انگلش ٹیم نے دورہ جنوبی افریقا ملتوی کردیا ہے، پہلا ون ڈے 2 بار ری شیڈول کرنے کے بعد دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کرونا کیسز سامنے آنے پر دونوں کرکٹ بورڈز نے سیریز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قبل ازیں سیریز کا پہلا ون ڈے میچ دراصل جمعہ کو شیڈول تھا لیکن جنوبی افریقی ٹیم کے ایک رکن کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ کو اتوار تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ ہفتے کو جنوبی افریقی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آ گئے تھے جس کے بعد اتوار کو میچ کے انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے تھے لیکن انتظامیہ کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب انہیں 2 انگلش کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی گئی۔

کرکٹ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ دورے پر آئی انگلش ٹیم کے دو اراکین وائرس کا شکار ہو گئے ہیں البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وائرس کا شکار ہونے والے 2 افراد کھلاڑی ہیں یا ان کا تعلق سپورٹ اسٹاف سے ہے۔ دونوں ملکوں کی کھیل کی گورننگ باڈیز نے کہا کہ کرکٹ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے افتتاحی میچ منسوخ کرنے پر اتفاق کیا ہے جو پارل میں منعقد ہونا تھا۔