یورپی ویب سائٹ پرممنوعہ ائیرلائنز کی فہرست سے پی آئی اے کا نام خارج

360

قومی ایئرلائن کے لیے اچھی خبر ہے کہ یورپی کمیشن کی ویب سائٹ پر محدود اور ممنوعہ ائیرلائنز کی فہرست سے پی آئی اے کا نام خارج کر دیا گیا۔

یورپی کمیشن فار موبیلیٹی اینڈ ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ پر پابندیوں والی ائیر لائینز کے نام شامل ہیں جس میں سے اب پی آئی اے کا نام نکال دیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے نام خارج ہونے کے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی کمیشن کی ویب سائٹ سےقومی ائیرلائن  کانام نکلنا مثبت قدم ہے امید ہے لائسنس معاملہ بھی جلد ہو جائے گا۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ قومی ائیرلائن کا یورپی ممالک و برطانیہ کے لیے آپریشن بحال ہو گا۔

واضح رہے کہ یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی پروازوں پر عاید پابندی غیر معینہ تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔شہری ہوا بازی سے متعلق یورپی یونین کے ادارے یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا)نے پی آئی اے کو جوابی خط لکھ دیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق خط میں پروازوں کی سلامتی کے لیے سیفٹی مینجمنٹ سسٹم سے متعلق پی آئی اے کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا تاہم خط میں آگاہ کیا گیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)کی جانب سے پائلٹوں کے لائسنسنگ نظام کی بہتری کے لیے اقدامات نہ کیے جانے پر فی الحال پی آئی اے پر یورپ کے لیے پروازوں پر عاید پابندی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا۔

 ایاسا کے خط میں مزید بتایا گیا کہ پابندی اٹھانے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کاسیفٹی آڈٹ ضروری ہے اور یہ آڈٹ اسی وقت کیا جاسکے گا جب اس بات کا یقین ہو کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اس آڈٹ میں کامیاب رہے گی ۔