بھارت نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی 20 میچ میں شکست دے دی

367

اوول (جسارت نیوز)بھارت نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی 20 میچ میں11رنز سے شکست دے دی یزوندرا چہال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو اوول کے میدان میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا سکی۔ اوپنر کے ایل راہول نے51رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رویندرا جدیجا 44 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کے بولر موئسس ہینریکس نے 3 وکٹیںلی ۔ 162 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم ان کے آئوٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز مکمل ناکام رہے۔ اس طرح آسٹریلیا مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز ہی بنا سکی۔ آرسی شارٹ نے 34 کپتان ایرون فنچ نے 35 رنز جبکہ ہینریکس30رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ نتارا جن اور یزوندرا چہال نے 3 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ دیپک چہر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت کے یزوندرا چہال کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔