پاکستان میں 4 کروڑ بچوں کی تعلیم متاثر ہو گی، عالمی ادارہ

230

اسلام آباد(اے پی پی)جنوبی ایشیا میں اسکول جانے کی عمر کے88فیصد بچوں کو گھر پر انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے، کووڈ۔19 کی وجہ سے اسکولوں کی بندش سے پاکستان میں تقریباً40 ملین بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف اور انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے ممالک میں اسکول جانے کی عمروں والے 88 فیصد بچوں کے پاس گھروں پر انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا سے قبل بھی 21 ویں صدی کے تقاضوں کو پورا کرنے، تعلیم و تربیت اور بہتر روزگار حاصل کرنے کے حوالے سے نوجوانوں کے ایک بڑے طبقے کو انٹرنیٹ تک رسائی کی ضرورت تھی۔ یونیسیف نے کہا کہ ڈیجیٹل تقسیم عدم مساوات کا سبب بن رہی ہے جس کی وجہ سے پہلے ہی مختلف ممالک اور معاشرے باہم منقسم نظر آتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق دیہی، کم آمدنی والے اور غرب گھرانوں کے بچوں اور نوجوانوں کو اس صورتحال سے شدیدمسائل درپیش ہیں جو ان کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔