نومبر کے دوران مہنگائی میں مزیداضافہ ہوا،ادارہ شماریات

153

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) ملک میں گزشتہ ماہ نومبرکے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.85فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعدنومبر میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر8.35 فیصد ہو گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کے ماہانہ اعداد وشمارپر مبنی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 8.76فیصد رہی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ(نومبر)کے دوران چکن 21.3 فی صد مہنگی ہوئی اورٹماٹر کی قیمت15.68 فی صد بڑھی جبکہ ایل پی جی کے نرخوں میں10.31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ تیار شدہ گارمنٹس8.85 فیصد جبکہ آلو8.80 فیصد مہنگے ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ نومبرکے دوران ٹرانسپورٹ سروسز6.41 فیصد سستی ہوئیں جبکہ گندم کے آٹے کی قیمت میں 5 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں دالوں اوربجلی کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔