وزیر اعظم کا کارپوریٹ فارمنگ منصوبہ لائق تحسین ہے،شاہد رشید

340

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک سے فوڈ سیکورٹی کے مسائل ختم کرنے اورعوام کو سستی اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ کا منصوبے لائق تحسین ہے۔ اس شعبہ میں مایہ ناز سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا رہا ہے جس سے اس شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے زرعی معیشت کی ترقی کو یقینی بنانے کے علاوہ مجموعی معاملات بہتر ہو سکتے ہیں۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کاروباری برادری حکومت کی جانب سے ا سٹیل ملز کے ساڑھے چار ہزار ملازمین کو برخاست کرنے کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔باقی ماندہ چار ہزار ملازمین کو بھی جلد از جلد فارغ کیا جائے جبکہ قومی خزانے پر بوجھ بننے والے دیگر سرکاری اداروں میں بھی جھاڑو پھیری جائے۔ا سٹیل مل جون 2015 سے بند پڑی ہے جبکہ مجموعی طور پرتین سو ارب روپے سے زیادہ کا نقصان کر چکی ہے جبکہ حالیہ فیصلے سے تنخواہوں کا بل چونتیس کروڑ روپے سے کم ہو کر سترہ کروڑ رہ جائے گاجسے مزید کم کرنا ضروری ہے۔