عالمی اداروں کی موجودگی میں دنیا میں کبھی امن و خوشحالی نہیں آ سکتی

310

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے اداروں کی موجودگی میں دنیا میں کبھی امن اور خوشحالی نہیں آ سکتی نہ بھوک اور جہالت کا خاتمہ ممکن ہے۔ ان اداروں کا ظاہری مقصد غریب ممالک کی امداد ہے جبکہ حقیقی مقصدعالمی سطح پر مغربی ممالک کے مفادات کی تکمیل اور ان کی اجارہ داری کو طول دینا ہے جس کے لیے غریب ممالک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایف اے ٹی ایف مغربی بلاک کے بنائے ہوئے تمام ادارے غربت میں اضافہ کر رہے ہیں۔1960 سے اب تک ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کی فی کس آمدنی کے فرق میں 400فیصد اضافہ ہوا ہے جو اس وقت تک بڑھتا رہے گا جب تک یہ ادارے اپنی نو آبادیاتی پالیسیاں جاری رکھیں گے جس نے عالمی تجارتی نظام کو غیر متوازن کر رکھا ہے۔ان اداروں میں جمہوریت کا نام و نشان نہیں ہے اور انھیں ڈکٹیٹرشپ کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سربراہوں کو الیکٹ نہیں سلیکٹ کیا جاتا ہے ۔