پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ پہنچ گئی،14 روز کیلئے قرنطینہ

388

کرائسٹ چرچ(اسٹاف رپورٹر)قو می کرکٹ اسکواڈ آکلینڈ سے بذریعہ پرواز کرائسٹ چرچ پہنچ گیا ۔اسکواڈ ہلٹن ہوٹل میں 14 روز تک آئسولیشن میں رہے گا۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں شامل تمام اراکین کا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ آج ہوگا پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں آئسولیش کے ابتدائی تین روز بعد قومی اسکواڈ کو بائیو سیکیور ماحول میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ نیوزی لینڈ حکومت کی ہدایات کے مطابق 14 روزہ آئسولیشن میں قومی اسکواڈ کے مجموعی طور پر 3 ٹیسٹ کیے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز اٹھارہ دسمبر سے شروع ہوگی۔ دو ٹیسٹ میچز کا آغاز چھبیس دسمبر سے ہوگا۔ پاکستان شاہین ٹیم بھی روحیل نذیر کی قیادت میں اپنے میچز کھیلے گی۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم پیر کی درمیانی شب نیوزی لینڈ کے لیے لاہور سے روانہ ہوئی تھی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے روانگی سے قبل پریس کانفرنس کے دوران دورہ نیوزی لینڈ میں فتح کی امید ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے ، نیوزی لینڈ کے خلاف ہمارا سابق ریکارڈ کافی بہتر ہے اور اسے مزید مستحکم بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔