سرویوین رچرڈ دنیائے کرکٹ کیلئے بہترین تحفہ ہیں ، وسیم اکرم

227

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ عظیم ویسٹ انڈین بلے باز سرویوین رچرڈ عالمی کرکٹ کے لیے بہترین تحفہ ہیں ۔ ویسٹ انڈین لیجنڈ کی تعریف کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ اسمیں کوئی شک نہیں کہ سر ویوین رچرڈز نہ صرف ویسٹ انڈین کرکٹ بلکہ دنیائے کرکٹ کے لیے بہترین تحفہ ہیں، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے ان کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔سر ویوین رچرڈز نے انٹرنیشنل کیریئر کے ابتدائی دنوں کی تصاویر شیئر کی تھیں۔ سرویوین رچرڈ کا کہنا تھا کہ 46 سال پہلے میں نے ویسٹ انڈیز کے لیے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، میں اس ٹیم کی نمائندگی کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں جس نے ہمیشہ لیجنڈری کرکٹر تیار کیے،یہ ایک ناقابل یقین سفر تھا۔سر ویوین رچرڈز کو کرکٹ کی تاریخ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔1974 سے 1991 کے دوران اپنے 17 سالہ طویل کرکٹ کیریئر میں 68 سالہ لیجنڈری بلے باز نے 121 ٹیسٹ میچز میں 50.24 کی اوسط سے 8540 اور 187 ون ڈے میچوں میں 47 کی اوسط سے 6971 رنز سکور کیے ۔ وہ فی الحال پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔