سفارتخانے کے نام پر درآمد کی جانے والی شراب کی کھیپ پکڑلی

607

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سفارتخانے کے نام پر درآمد کی جانے والی شراب کی کھیپ پکڑلی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ کھیپ کی کلئیرنس حاصل کرنے کے لیے کسٹمز پورٹ کلکٹریٹ میں600 شراب کی بوتلیں ظاہر کی گئی تھیں لیکن موصولہ خفیہ اطلاع پر کسٹمز ایگزامنیشن میں6 ہزار شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ محکمہ کسٹمز میں داخل کردہ گڈز ڈیکلریشن میں شراب کی مالیت
صرف2350 ڈالر ظاہر کی گئی تھی جبکہ کھیپ کی مالیت23500 ڈالر بنتی ہے۔ شراب کی مذکورہ کھیپ محمد علی سعید نامی شخص نے عرب امارات کے اسلام آباد میں قائم سفارتخانے کے نام پر بھیجی تھی، شراب کی کھیپ کی جانچ پڑتال کے دوران کسٹم حکام نے متعلقہ سفارتخانے سے استفسار کیا تو سفارتخانے کے حکام نے اس کھیپ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ کسٹم حکام نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔