(ن ) لیگ کا پارٹی کی تمام  سرگرمیاں ملتوی کرنے کا اعلان

413

لندن‘لاہور(صباح نیوز+آئی این پی)لندن میں سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی والدہ کے انتقال کے بعد گھر کے باہر کارکن جمع ہونا شروع ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن )نے سابق وزیر اعظم کی والدہ کی تدفین تک پارٹی
کی تمام سرگرمیاں ملتوی کرنے کا اعلان کردیاہے۔مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اور نگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی والدہ کی تدفین تک پارٹی کی تمام سرگرمیاں ملتوی کردی گئی ہیں ۔ واضح رہے کہ لندن میں انتقال کر جانے والی نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم کی میت کو ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں رکھا گیا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی میت پرائیویٹ اسپتال کے ڈیڈ ہائوس میں رکھی جائے گی۔علاوہ ازیںاتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیگم شمیم اختر بڑی نیک اور با ہمت خاتون تھی ان کی زبان سے ہر شخص کے لیے دعا نکلتی تھی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مردان تک جیمر لگے ہوئے تھے ، بیگم شمیم اختر کے انتقال کی خبر2 گھنٹے تاخیرسے ملی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو اتوار ہی کو پے رول پررہا کر دینا چاہیے تھا ،یہاں مریم نواز کے سوا کوئی اور موجود نہیں ، میاں نواز شریف کے بچے بھی ملک سے باہر ہیں،یہاں صرف شہباز شریف اور حمزہ شہباز ہیں ،حکومت کو اخلاقی طور پر انہیں پے رول پر رہائی دے دینی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صرف انتقام لینا جانتی ہے ۔