یو بی جی کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے،زبیرطفیل

204

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل، مرکزی ترجمان گلزارفیروز اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق حلیم نے کہا ہے کہ یوبی جی کو پاکستان کی 85فیصد بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کا اعتماد حاصل ہوچکا ہے اور30دسمبر کو ہونے والے ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات2021 میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور فیڈریشن سے مفاد پرست عناصرراہ فرار اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ یو بی جی کی مرکزی قیادت کی جانب سے فیڈریشن الیکشن کے لیے اہل شخصیات کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، ہمارے گروپ نے5سال فیڈریشن کا نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی سطح پر وقار بلند کیا تھا لیکن موجودہ برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل نے چندماہ میں ہی فیڈریشن کوپستی کی جانب دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکڑوں میں تقسیم ہونے کے بعد بزنس مین پینل کو بزنس کمیونٹی کی نمائندگی بھی حاصل نہیں رہی جبکہ پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی ایک بار پھر یو بی جی کے جھنڈے تلے یکجا ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے نامزد امیدواریکجہتی برقرار رکھتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اور تاجر برادری کے مسائل حل کریں گے۔