شاہین آفریدی عالمی ون ڈے رینکنگ میں 16 نمبر پر آگئے

301

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نئی ون ڈے رینکنگ میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ۔شاہین شاہ آفریدی عالمی رینکنگ میں 8 درجہ ترقی پاکر 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے جبکہ محمد عامر8ویں نمبر پر موجود ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی درجہ بندی کے تحت محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کا دوسری پوزیشن سے فاصلہ مزید کم ہوگیا ہے۔زمبابوے کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 49 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی عالمی رینکنگ میں 8 درجہ ترقی پاکر 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ۔ان کے علاوہ ٹاپ ٹوئنٹی بولرز میں شامل پاکستان کے دوسرے کھلاڑی محمد عامر ہیں جو8ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ سیریز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے وہاب ریاض بھی 6درجہ ترقی پاکر 60ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ۔ سیریز کے آخری میچ میں5 وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر محمد حسنین 202ویں پوزیشن سے 120 ویں پوزیشن پر آگئے۔جاری کردہ اس نئی عالمی رینکنگ میں پاکستان کے دیگر بولرز میں شاداب خان کا 30واں، عماد وسیم کا 40واں، عثمان شنواری کا44واں اور حسن علی کا 49واں نمبر ہے۔اس فہرست میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے، بھارت کے جسپریت بمرا دوسرے اور افغانستان کے مجیب الرحمٰن تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں گوکہ بابراعظم تیسری پوزیشن پر برقرا ر ہیں۔ بھارت کے روہت شرما ان سے 18 پوائنٹس زیادہ حاصل کرکے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اس نئی عالمی رینکنگ میں پاکستان کے دیگر بلے بازوں میں امام الحق کا 12واں ، فخر زمان کا 18واں اور حارث سہیل کا33واں نمبر ہے۔