قومی انڈر19سہ روزہ ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہوگا

427

لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی انڈر 19 ون ڈے چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب قومی انڈر19 تھری ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے ہوگا، جہاں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے باصلاحیت انڈر19 کرکٹرز ریڈ بال کرکٹ مقابلوں کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس سلسلے میں یکم ستمبر2001 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کے درمیان 3 روزہ طرز کی کرکٹ کے مقابلے لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔24 روزہ ایونٹ کا4 روزہ فائنل 26 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ انہوں نے گزشتہ سال ناردرن کو7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ آج سے شروع ہونے والے ایونٹ میں25لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو15 لاکھ جبکہ رنرزاپ کوساڑھے 7 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین وکٹ کیپر اور بہترین بولر کو50,50ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانیوالے ٹورنامنٹ میں 15 لیگ میچز کھیلے جائیں گے ، جہاں پلیئر آف دی فائنل کو25ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ آج سے شروع ہونے والے ایونٹ کے پہلے رائونڈ میں دفاعی چمپئن سندھ اور بلوچستان کی انڈر19 ٹیمیں ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں تین روزہ میچ کا آغاز کریں گی۔