تیسرا ون ڈے: زمبابوے نے سپر اوور میں پاکستان کو شکست دیدی

520

راولپنڈی: زمبابوے نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو سنسنی خز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دیدی۔

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا گیا تیسرا ایک روزہ میچ  ٹائی ہوگیا، میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں مقابلہ ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور خوشدل شاہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن افتخار پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد فخر زمان بیٹنگ کیلئے آئے پاکستان نے اگلی دو گیندوں پر دو رنز بنائے، جس کے بعد خوشدل شاہ چوتھی گیند پر آؤٹ ہوگئے، پاکستان نے صرف 3 رنز کا ہدف دیا جو زمبابوے نے آسانی سے پورا کرلیا۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 279 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوا، دونوں اوپنرز صرف 6 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، امام الحق 4 اور فخرزمان 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

تیسرے نمبر پر کپتان بابراعظم خود بیٹنگ کے لیے آئے اور وکٹ کی ایک سائیڈ کو سنبھالے رکھا تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، حیدر علی بھی صرف 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ایک بار پھر مایوس کیا اور صرف 10 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

بابراعظم اس دوران ذمہ دارنہ کھیل پیش کرتے رہے اور افتخار احمد کے ساتھ 37 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم افتخار 18 رنز ہی بناسکے جس کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے خوشدل شاہ نے بابراعظم کے ساتھ ملکر 63 رنز کی اہم شراکت قائم کی، وہ 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

خوشدل کے آؤت ہونے کے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والے وہاب ریاض نے کپتان بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیا، اور دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ قائم کی، وہاب ریاض 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

بابراعظم بھی 49 ویں اوور میں 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لیے آخری اوور میں 6 گیندوں پر 13 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی تھی تاہم موسیٰ خان نے آخری اوور میں 2 چوکے لگاکر میچ برابر کردیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوگا۔

اس سے قبل زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 278 رنز بنائے، زمبابوے کی جانب سے سین ولیمز 118 اور برینڈن ٹیلر 56 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم نے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی ہے۔