یمن،متحارب حکومتی دھڑے وزارتوں کی تقسیم پر متفق

292
ریاض: صدر منصور ہادی حریف رہنما عیدروس زبیدی سے ملاقات کررہے ہیں

ریاض/ صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں متحارب حکومتی دھڑوں کے سربراہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعہ کی شب ہونے والی اس ملاقات میں سعودی عرب نواز عبوری حکومت کے سربراہ صدر عبد ربہ منصور ہادی اور امارات نواز انتقالِ اقتدار کی جنوبی کونسل کے سربراہ عیدروس زبیدی نے دونوں دھڑوں کے درمیان وزارتوں اور دیگر عہدوں کی تقسیم پر اتفاق کیا۔ تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مناصب کی تقسیم کا مطلب متفقہ حکومت کا قیام نہیں، کیوں کہ اس سلسلے میں تاحال کئی اختلافی امور حل طلب ہیں، جن میں معاہدہ ریاض کی سلامتی اور دفاع سے متعلق شق پر اتفاق نہ ہونا اہم ترین ہے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں دھڑے سعودی عرب اور امارات کی معاونت سے حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار ہیں، تاہم عرب اتحاد کے سرکردہ دونوں ممالک جنگ زدہ ہمسایہ ملک میں اپنی اپنی گرفت مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار یمن میں حالیہ 3 ماہ میں مزید 215 شہری لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعلیٰ کمشنر برائے مہاجرین کے یمن دفتر نے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ ملک میں جاری خانہ جنگی کے باعث جولائی، اگست اور ستمبر میں 215 شہری پر تشدد واقعات میں اپنی جانو ں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ہزاروں خاندانوں کو امداد کے حصول میں مشکلات سے دو چار ہیں۔ طویل عرصے سے سیاسی عدم استحکام کے شکار یمن میں حوثیوں اور فوج کے مابین جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔