میچز کو نتیجہ خیز بنانے کی غرض سے قائداعظم ٹرافی کا نیا نظام ،سزا بھی ملے گی

167

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کل سے شروع ہونے والے پاکستان کے پریمیئرکرکٹ ٹورنامنٹ، قائد اعظم ٹرافی کے لیے نیا مگر مقابلے سے بھرپور پوائنٹ سسٹم متعارف کروادیا ہے۔ نئے پوائنٹ سسٹم کو متعارف کروانے کا مقصد ایونٹ کے زیادہ سے زیادہ میچز کو نتیجہ خیز بنانا ہے۔ کراچی کے 4 مختلف وینیوز پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 31 میچز کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کا فائنل 5 روز پر مشتمل ہوگا۔ نئے پوائنٹ سسٹم کے تحت ابتدائی اننگز کے 100 اوورز میں 400 رنز بنانے والی ٹیم کو 5 بیٹنگ پوائنٹس ملیں گے۔ اس سے بلے بازوں کے ا سٹرائیک ریٹ میں بہتری آئے گی۔ 100 رنزیا اس سے کم اوورز میں اسکور بنانے کی رفتار کے حساب اسیبیٹنگ پوائنٹس کی ترتیب کے مطابق 200 رنز پر ایک پوائنٹ، 250رنز پر 2 پوائنٹس، 300 رنز پر3 پوائنٹس،350 رنز پر4 پوائنٹس اور 400رنز بنانے والی ٹیم کو 5 پوائنٹس ملیں گے۔ اسی طرح بولنگ کے شعبے کے پوائنٹ سسٹم میں بھی کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔100 یا اس سے کم اوورز میں وکٹیں گرانے کے حساب سے بولنگ پوائنٹس 100 یا اس سے کم اوورز میں وکٹیں گرانے کے حساب کے مطابق 3 وکٹیں گرانے والی ٹیم کو ایک پوائنٹ، 6 وکٹیں گرانے والی ٹیم کو 2 پوائنٹس اور 8وکٹیں گرانے والی ٹیم 3پوائنٹس کی حقدار ٹھہرے گی۔اس طرح پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم اگر ابتدائی 100 اوورز میں حریف ٹیم کو 200 سے کم رنزپر آؤٹ کردیتی ہے تو اس صورتحال میں اسے مجموعی طور پر 6 پوائنٹس ملیں گے پوائنٹ سسٹم کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے اپنی پلیئنگ کنڈیشنز میں بھی چند تبدیلیاں کی ہیں۔جیسا کہ کھلاڑیوں میں اسپرٹ آف کرکٹ کو فروغ دینے کی غرض سے میدان چھوڑ کر جانے پر عائد پابندی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ اگر کوئی بھی ٹیم ایسی حرکت کرتی ہے تومیچ کو وہیں پر روک دیا جائے گا اور دوبارہ شروع نہیں کروایا جائے گا،اس ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز پر 12 ماہ کی پابندی عائد کردی جائے گی۔یہ پابندی پوری دنیا پر لاگو ہوگی۔اس ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کنٹریکٹس فوری طور پر ختم کردیے جائیں گے۔مذکورہ ٹیم کو متبادل کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ا سکواڈ میں شامل کرکے ٹورنامنٹ جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اس میچ میں حاصل کیے گئے مذکورہ ٹیم کے تمام پوائنٹس ختم کردئیے جائیں گے اور حریف ٹیم کو زیادہ سے زیادہ پوائنٹس ایوارڈ دیئے جائیں گے۔