اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، چودھری عبدالغفور

117

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117 کے امیر چودھری عبدالغفور، جنرل سیکرٹری مختار علی اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ سبزیوں، پھل اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، چند ماہ سے خود ساختہ مہنگائی کا سونامی پھیل چکا ہے۔ شہر میں بڑے مگر مچھوں نے چینی بلیک میں فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ چھوٹے دکاندار مجبوراََ چینی 110 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہے ہیں کیونکہ انہیں چینی مہنگی مل رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ کے جرمانوں کی وجہ سے چھوٹے دکاندار چینی کی فروخت چھوڑ چکے ہیں، جس سے شہری متاثر ہورہے ہیں اور اس طرح ایک بحرانی کیفیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر میں سبزیوں، پھلوں اور اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اپنے جاری کردہ سرکاری نرخ پر بھی عملدرآمد نہیں کراسکی ہے، جس سے لوگ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے انتظامیہ کی نااہلی کی چشم پوشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔