آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کا احتجاج جاری

204

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کا اپنے مطالبات کے حق میں شارع عدالت پر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگایا گیا احتجاجی کیمپ 12ویں روز بھی جاری رہا ۔ کیمپ میں سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے چیئرمین رحمت اللہ یاسین زئی ، مفتی شفیق اللہ سعدی اور زقوم خان پانیزئی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال محکمہ تعلیم میں اساتذہ کے لیے خالی اسامیوں کا اعلان کیا گیا جس کے لیے رواں سال جنوری کے مہینے میں سی ٹی ایس پی کے تحت تحریری امتحان لیا گیا اور فروری کے مہینے میں شارٹ لسٹڈ امیدواروں کا حتمی لسٹ آویزاں کی گئی مگر اس دوران کوالیفائیڈ امیدواروں کی جانب سے عدالت عالیہ میں پٹیشن فائل کی گئی جس پر عدالت عالیہ کا فیصلے آنے کے باوجود بھی 4مہینے سے ان کے آرڈرز جاری نہیں کیے جارہے ہیں اس سلسلے میںوہ گزشتہ 12دن سے کیمپ لگا کر احتجاج پر بیٹھے ہیں اور گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جس پر صوبائی حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے ان کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے اور 2ہفتے میں ان کے آرڈرز جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر انہوں نے دھرنا ختم کردیامگر احتجاجی کیمپ جاری رہے گا اگر ان کے آرڈز جاری نہ کیے گئے تو 2ہفتے بعد آئندہ کالائحہ عمل طے کرکے احتجاج کو وسعت دیں گے۔