انڈر19 ون ڈے ، کے پی، سدرن پنجاب اور سندھ کی فتح

201

لاہور(نمائندہ خصوصی) مریدکے کنٹری کلب میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوانے بلوچستان کو 85 رنز سے شکست دے دی۔ اسماعیل خان کی عمدہ بولنگ کی بدولت بلوچستان کی پوری ٹیم 154 رنز کے تعاقب میں 68 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسماعیل خان نے 9 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بلوچستان کا صرف ایک بلے باز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکا۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 41.5 اوورز میں 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ حسیب خان 40 اور حارث خان 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔ فیصل اکرام کی عمدہ بولنگ کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 123 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ فیصل اکرام نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سدرن پنجاب نے مطلوبہ ہدف 38.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔یہ سدرن پنجاب کی ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن سندھ نے سینٹرل پنجاب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرادیا۔سندھ نے کپتان صائم ایوب کی سنچری کی بدولت 263 رنز کا ہدف 25 گیندیں قبل 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ علی اسفند نے 50 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے تھے۔کپتان محمد حریرہ نے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔سندھ کے ذیشان ضمیر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔