قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی مسرور

344

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس نے ایک مرتبہ پھر اپنی آپریشنل صلاحیت اور قابلیت کا بھرپورمظاہرہ کرکے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا ہے۔ اس دوران ٹورنامنٹ میں شریک نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بائیو سیکیور ماحول میں کھیلے گئے اس 19 روزہ ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرا راولپنڈی میں کھیلا گیا، جہاں 33 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 10 رنز سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔اتوار کے روز مکمل ہونے والا قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، کورونا وائرس کی صورتحال کے باوجود اعلان کردہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا پہلا ایونٹ تھا، دوسرا ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی، 25 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ دراصل پی سی بی کے میڈیکل پینل اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان دونوں شعبوں نے مل کر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ایک ایسا محفوظ بائیو سیکیور ماحول فراہم کیا، جہاں 19 روز تک سنسنی خیز میچز کھیلے گئے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے تمام شعبہ جات ایونٹ کے آغازسے ہی متحرک تھے،ہم اپنے معیار کو بلند کر کے دنیا کا معزز ترین کرکٹ بورڈ بننا چاہتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث بائیو سیکیور ببل میں نظم و ضبط اور مقررہ قواعد و ضوابط کی پیروی کرنے پر وہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مشکور ہیں۔