کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری ‘ چند گھنٹے بعد ضمانت پر رہائی

86

کراچی (نمائندہ جسارت) مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں گرفتار ہونے والے (ن) لیگ کے ر ہنما کیپٹن (ر)صفدر کو گرفتاری کے چند گھنٹے کے بعد ضمانت پر رہا
کردیا گیا جب کہ کراچی پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمے کے مدعی کے مفرور ملزم ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔ کیپٹن (ر)صفدرکو بریگیڈ پولیس نے پیر کی صبح نجی ہوٹل سے گرفتار کیا اوران کو عزیز بھٹی تھانے منتقل کیا ۔اس حوالے سے( ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر پیغام میں بتایا کہ پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا ہے، میں جس ہوٹل میں ٹھہری تھی پولیس کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہو ئی ۔ بعد ازاں کیپٹن(ر) صفدرسے ملنے لیگی رہنماعزیز بھٹی تھانے پہنچے۔ لیگی رہنماؤں نے پولیس پر الزام عاید کیا کہ کیپٹن (ر)صفدر سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، ادویات اور سامان دینے آئے تھے، پولیس نے ہمیں دھکے دے کر باہر نکالا اوربدتمیزی کا الزام لگا دیا گیا۔پولیس نے عزیز بھٹی تھانے سے عدالت لے جانے کے لیے کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند میں بٹھایا تو(ن) لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے بکتر بند کو گھیرے میں لے لیا۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جس نے بکتر بند گاڑی کو کارکنان کے درمیان سے نکالنے کے لیے کارکنان کو پیچھے دھکیلا جس کے بعد پولیس کیپٹن(ر) صفدر کو لے کر روانہ ہوگئی۔واضح رہے کہ مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف مقدمہ وقاص نامی ایک شہری کی مدعیت بریگیڈ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد کیپٹن(ر) صفدرکو پیر کی شام سٹی کورٹ میںضلع جنوبی کی عدالت نے ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر کیپٹن (ر)صفدر کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ وقت کم ہونے کی وجہ سے مچلکے جمع کرانے کے بجائے نقد رقم جمع کرانے کی اجازت دی جائے ،اجازات ملنے پر رقم جمع کرادی گئی ،جس کے بعد کیپٹن (ر)صفدر کو رہا کردیا گیا۔قبل ازیںسٹی کورٹ میں کیپٹن (ر) صفدر کی پیشی کے سلسلے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جب کہ پیشی سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ایک یونٹ نے بھی سٹی کورٹ کا مکمل معائنہ کیا اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کی۔علاوہ ازیں کراچی پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمے کے مدعی کے مفرور ملزم ہونے کی تصدیق کردی۔پولیس کا کہنا ہے کہ وقاص احمد خان کے خلاف تھانہ سپرہائی وے میںانسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج ہے، مقدمہ 25 اگست 2019 ء کو درج ہوا تھا، مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کی بھی دفعات ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ احسن آباد میں زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور یہ کارروائی عدالت عظمیٰ کے حکم پر کرنے گئے تھے جس پر ملزمان نے مزاحمت کی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔وقاص احمد مقدمے میں عدالت سے مفرور ہے جب کہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان نے عدالت سے ضمانت حاصل کی ہوئی ہے ۔