حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کا کھانا چھین لیا ، حافظ طاہر مجید

148

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی کے سبب ملک میں آٹے اور چینی کا بحران پیدا ہوچکا ہے موجودہ دور حکومت میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہورہے ہیں۔جماعت اسلامی عوام کی پیٹھ پر مہنگائی کے کوڑے مارنے والے بے رحم اور بے حس حکمرانوں کے خلاف میدان میں آگئی ہے۔مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ حکومت کی ترجیحات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا شامل ہی نہیں۔حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں سے غریب عوام بری طرح پس چکے ہیں۔ آٹا نایاب ہونے کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ اب مہنگائی یا حکمرانوں کو بھگا کر دم لیں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ جو لوگ گھر نہیں چلاسکتے تھے انہیں ملک پر مسلط کر دیا گیاہے۔ گندم اور چینی پیدا کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک آٹے اور چینی کے بحران سے دوچار ہے،خود حکومتی ارکان اور
وزیر اعتراف کرتے ہیں کہ ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں، سرکاری گوداموں میں وافر مقدار میں گندم موجود ہے مگر پھر بھی غریب کو آٹا نہیں مل رہا۔ مہنگائی مافیانے سبزیاں اتنی مہنگی کررکھی ہیں کہ عام آدمی توایک طرف سفیدپوش طبقہ کواپنی سفیدپوشی کابھرم رکھنابھی مشکل ہوتاجارہاہے،سبزی مافیانے حکومت اورانتظامیہ کی طرف سے روزانہ کی بنیادپرسبزیوں کے جونرخ مقررکیے جاتے ہیں عوام کے لیے ان نرخوں پرسبزیاں ملناایک خواب بن چکاہے ۔ گندم چور آٹا خور حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کا نوالہ چھین لیا موجودہ حکمرانوں نے اپنے افراد کو نوازنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، عوام کی بیداری کے ذریعے ملک میں تبدیلی ممکن ہے۔حافظ طاہر مجید نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آٹے کی قیمتوں میں کمی اور وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔