مولانامحمد خان شیرانی کی محمد حسین محنتی سے ملاقات

684
کراچی:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سے جے یو آئی کے مرکزی  رہنما مولانا محمد خان شیرانی کی قیادت میں علماء کرام کا وفد ملاقات کررہاہے

کراچی(نمائندہ جسارت)اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئر مین اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا محمد خان شیرانی کی قیادت میں علما کرام کے ایک وفد نے قبا آڈیٹوریم پہنچ کر جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، اتحاد امت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ فکری اختلافات ایک
فطری چیز ہے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے تمام مسالک کے افراد کو سر جوڑ کر مل بیٹھنا ہوگا کیونکہ لڑائی و اختلافات میں ان قوتوں کو فائدہ پہنچتا ہے جنہوں نے یہ آگ لگائی ہوئی ہے۔ مولانا شیرانی نے موجودہ حالات پر گہری تشویش خاص طور پر ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل خان کے بہیمانہ قتل پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ محرم الحرام سے مختلف مسالک میں تناؤ کی کیفیت پائی جاتی ہے جو کہ اتحاد امت اور ملک و ملت کے لیے زہر قاتل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مسالک کے علما کے درمیان اعتماد کی فضا قائم اور دل آزار بیانات تقاریر سے اجتناب کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے مولانا محمد خان شیرانی کے اتحاد امت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کو ہرگز اطمینان بخش نہیں کہا جاسکتا۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحاد امت کی بات کی ہے۔ آخر میں شہید مولانا عادل خان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ وفد میں مولانا محمود الحسینی ، پروفیسر عبدالحئی، بلال بگٹی، مفتی عبدالرحمن مدنی، مولانا اسمٰعیل حسنی، محمود السلام قاسمی ، قاری سعید احمد مہمند جبکہ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عبدالغفار عمر اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اس موقع پر موجود تھے۔