ملک دیوالیہ ہونے سے بچالیا، مہنگائی پر بھی قابو پالیںگے، مشیر خزانہ

120

اسلام آباد/ لاہور (نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے اور مہنگائی پر بھی جلد قابو پالیں گے۔ گورنر ہاؤس میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں، سابق حکومتوں کی غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت تباہی سے دوچار رہی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ آئی ایم ایف کے پاس مجبوری کے تحت گئے تھے اور مشکل معاشی صورتحال سے نکلنے کیلیے سخت فیصلے کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے گور نر پنجاب سے جمعہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی، اس موقع پرمعاشی، حکومتی اور سیاسی امور سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن جلسوں میں عوام کے نہ آنے کا غصہ حکومت پر کیوں نکال رہی ہے؟ جلسوں سے حکومت گر نے والی نہیں عام انتخابات 2023ء میں ہی ہوں گے۔ اپوزیشن ملک میں عدم استحکام پیدا کر نے کی کوشش کر رہی ہے مگر ان کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔