سابق وزیراعلیٰ سندھ نے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا

97

خیرپور(نمائندہ جسارت )سابق وزیراعلیٰ سندھ غوث علی شاہ نے اپنے بیٹوں پر ان کی بیوی اور ان کے قتل کی سازش کرنے کا الزام عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ غوث علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلی بیوی اور بیٹوں کو
جو پراپرٹی دینی تھی دے دی تھی، اب وہ مزید پراپرٹی کے لیے قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیٹے کو پراپرٹی دیکھ بھال کے لیے دی جو اس نے فروخت کر دی، جن لوگوں نے وہ پراپرٹی خریدی وہ مزید پراپرٹی حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے نے ان کی جائداد سے ایک باغ بیچا، اس باغ کی رقم بھی بیٹے ہڑپ کر گئے۔ غوث علی شاہ نے اعلیٰ حکام سے درخواست کی کہ ان کے بیٹوں اور پوتوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے انہیں اور ان کی دوسری بیوی کو قتل کرنے کی سازشیں کررہے ہیں۔ سابق وزراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بیٹوں اور پہلی بیوی کا جو حق بنتا تھا دے دیا، دوسری بیوی کو جائداد دینا چاہ رہا ہوں تو پہلی بیوی اور بیٹے سازشوں میں مصروف ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ غوث علی شاہ نے اپنے بیٹوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ گھر میں چوری کروانے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔انہوں نے پولیس سے اپنے بیٹوں شبیر حیدر شاہ اور علی حیدر شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی تھی۔ غوث علی شاہ کی جانب سے دائر درخواست میں انہوں نے اپنے پوتوں قربان حیدر شاہ، نواز حیدر شاہ ، جعفر شاہ ، اور ان کے ماموں زاد کو بھی چوری میں ملوث قرار دیا ہے۔ تھانہ خیرپور پریالو میں سابق وزیراعلیٰ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں ان کے بیٹے اور پوتے شامل ہیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سید غوث علی شاہ کے پوتے جعفر شاہ سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔