نیب معاملات سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، چودھری سرور

209

لاہور (آن لائن) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ نیب کے معاملات سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، اب ادارے سیاسی مداخلت سے پاک ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجا زعالم اور صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت آئینی وقانون کی حکمرانی کی بات کرتی ہے اور ہم ملک کو کرپشن سے مکمل نجات دلانے کی پالیسی پر گامزن ہیں جس کے لیے نیب سمیت احتساب کے تمام تمام اداروں کو مضبوط کیا جارہا ہے کیونکہ ماضی کے حکمرانوں کی کر پشن کی وجہ سے ہی ملک کو معاشی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ چودھری سرور نے کہا کہ اپوزیشن کے کسی بھی رُکن کی گر فتاری کو سیاسی انتقام کہنا کسی بھی صورت ددست نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نیب نے کس کو کب گر فتار کر نا ہے اس کا فیصلہ حکومت نہیں نیب ہی کرتی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ ہم واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ نیب حکومت نہیں اور حکومت نیب نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلی بار ملک میں تمام اداروں کو ہم نے سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے کمزور طبقات کو ریلیف دینے اور ان کی مضبوطی کے لیے جو اقدامات کیے ہیں ماضی میں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔