قائمہ کمیٹی برائے داخلہ‘امریکی سفارتخانے کے جرائم سے متعلق خدشات مسترد

156

اسلام آباد (آن لائن ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے اسلام آباد میں جرائم سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے اراکین نے کہاہے کہ امریکی سفارتخانہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کااجلاس راجا خرم نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئیجی آپریشنز اسلام آبادنے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی دار الحکومت میں گزشتہ چند سالوں سے جرائم میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے،امریکی سفارتخانے کی طرف سے جرائم سے متعلق جو خدشات ظاہر کیے گئے وہ درست نہیں ہیں۔ امریکی سفارتخانے کے خدشات سے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ امریکی سفارتخانہ سے دفتر خارجہ کے ذریعے تفصیلات مانگی گئی ہیں۔سفارتخانے نے مخصوص سیکٹرز میں جرائم سے متعلق رپورٹ دی جو درست نہیں۔ کمیٹی ارکان نے امریکی سفارتخانے کی رپورٹ پر اظہار بر ہمی کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارتخانہ ہمارے داخلی امور میں کیوں مداخلت کر رہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی ممالک نے اسلام آباد کو محفوظ شہر قرار دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو فیملی اسٹیشن قرار دیا ہے،غیر ملکی سفارتخانوں نے اسلام آباد پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعریفی خطوط لکھے ہیں۔ انسداد جرائم اور سیکورٹی صورتحال کی بہتری پر غیر ملکی سفارتخانوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں کمیٹی نے ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں اضافے کا بل آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا جبکہ بچوں سے زیادتی کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دینے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا گیا ہے۔