نیوزی لینڈ مہمان ٹیموں کی آئسولیشن پر 2ملین ڈالر خرچ کرگے گا

315

ویلنگٹن(جسارت نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے بڑے بڑے دستوں سمیت مختلف ٹیموں کی آئسولیشن پر 2ملین ڈالر خرچ ہوں گے، کیوی بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ ان ٹورز کے فوائد کے سامنے یہ اخراجات کچھ بھی نہیں، دونوں ممالک کو اپنی حکومتوں سے ٹور کی اجازت مل چکی، آج حتمی شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کے وزیر کھیل گرانٹ روبرٹسن نے انکشاف کیا ہے کہ اس سیزن میں مہمان رگبی، نیٹ بال اور کرکٹ اسکواڈز کو لازمی 14 روز کا قرنطینہ کرنے پڑے گا، جس پر فی کس 7ہزار ڈالر خرچ ہوگا، اس حساب سے نیوزی لینڈ کرکٹ کو اس موسم گرما میں مہمان ٹیموں کی آئسولیشن پر 2 ملین ڈالر لٹانا پڑیں گے۔ مہمان کرکٹ ٹیموں کے قرنطینہ کی مد میں تقریبا 6لاکھ 50ہزار ڈالر خرچ ہوں گے۔ این زیڈ سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ ویسٹ انڈین اور پاکستان بورڈ کو اپنی حکومتوں کی جانب سے اجازت مل چکی، حتمی شیڈول کا اعلان آج کردیا جائے گا، قرنطینہ مد پر آنے والا خرچ اضافی ضرور ہے مگر ان ٹورز کے فوائد کے سامنے اس کی زیادہ حیثیت نہیں، 14 روز کی آئسولیشن مدت مکمل ہونے کے بعد باقی تمام اخراجات معمول کے مطابق ہی ہوں گے۔ قرنطیہ مدت میں کھلاڑیوں کو آکلینڈ سے کرائسٹ چرچ لے جانے کیلیے چارٹرڈ فلائٹس بھی شامل ہیں جہاں پر کھلاڑی این زیڈ سی کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کرسکیں گے۔ ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ اگر تماشائیوں کو اجازت ملی تو اچھی بات ہے مگر ہمارا انحصار صرف گیٹ آمدنی پر نہیں ہوگا۔