عالمی اسنوکرچیمپئن رونی کو نوجوان کے ہاتھوں حیران کن شکست

392

لندن(جسارت نیوز)44 سالہ رونی او سلیوین کا شمار ا سنوکر کی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے تاہم حیران کن طور پر یورپین ماسٹرز میں ایک 18 سالہ نوجوان کے ہاتھوں شکست کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ۔ رونی او سلیوین کو شکست دینے والے آئرلینڈ کے آرون ہل کی عمر صرف 18 سال ہے اور وہ اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب 2001ء میں رونی او سلیوین نے پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی۔اگست کے مہینے میں عالمی ٹائٹل حاصل کرنے کے بعد یہ رونی او سلیوین کا پہلا مقابلہ تھا۔ جب میچ شروع ہوا تو وہ 3 کے مقابلے میں 1 فریم سے ہار رہے تھے لیکن اسکے بعد انھوں نے فائٹ بیک کی اور مقابلے میں 4 کے مقابلے میں 3 سے برتری حاصل کر لی۔ مگر آرون ہل نے آخری 2 فریمز جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔اسی نوعیت کا ایک اور حیران کن نتیجہ اسوقت آیا جب 3 مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے 45 سالہ مارک ولیمز کو 24 سالہ پیٹر ڈیولن نے شکست دے دی۔اگست میں عالمی چیمپئن شپ کے دوران رونی او سلیوین نے کوارٹر فائنل میں جب جیت حاصل کی تو ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انھوں نے کبھی سوچا تھا کہ جب انھوں نے اور مارک ولیمز نے اسنوکر کھیلنا شروع کیا تو کبھی سوچا کہ 26 سال بعد بھی وہ آپس میں مد مقابل ہوںگے۔ اس پر رونی او سلیوین کا کہنا تھا اگر آپ اس وقت پوچھتے تو شاید نہیں، لیکن اگر آپ اسنوکر میں آج کے کھیل کے معیار کو دیکھیں تو میں کہوں گا ہاں۔رونی او سلیوین نے مزید کہا کہ اگر آپ آج کے نوجوان کھلاڑیوں کو دیکھیں تو نظر آتا ہے کہ وہ اتنے اچھے نہیں ہیں۔