حکومت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پرپابندی لگائے، عبداللہ

442

کوئٹہ(جسارت نیوز)سابق انٹر نیشنل گولڈ میڈلسٹ باکسر عبداللہ رند نے ا سپورٹس مین وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی کھیلوں کو تباہی سے بچانے کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پر فوری طور پر ایڈہاک لگا ئی جائے، 2004 سے 2020 تک پی او اے کے اکائونٹ کافرانزک آڈٹ کرایا جائے ، پاکستان ا سپورٹس ٹرسٹ میںسیور ریفل اسکیم کے ذر یعے اکٹھے ہونے والے 3 ارب 81 کروڑ روپے کا بھی حساب لیاجائے۔گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق انٹر نیشنل گولڈ میڈلسٹ باکسر عبداللہ رند نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اپنے تعین کردہ کردار سے آگے نکل گئی ہے پی او اے کے صدر عارف حسن نے اپنی صدارت کو طول دینے کیلئے مختلف کھیلوں کی متوازی فیڈریشنز بنائیں اور آج یہ صورتحال ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن صدرلیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ ) سید عارف حسن گذشتہ 16 سال سے اس عہدے پر براجمان ہیں اور اس عرصے میں پاکستانی کھیل ترقی کرنے کے بجائے تنزلی کا شکار ہیںجبکہ پی او اے کے عہدیدار خوشحال ہو چکے ہیں، عارف حسن اینڈ کمپنی نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے آئین میں تبدیلی کرکے صدر مملکت کی پیٹرن انچیف اور چاروں صوبوں کے گورنرز کی پیٹرن کی حیثیت کو ختم کر دیاہے۔جبکہ الیکٹورل کالج ایسا بنا دیا گیا جس میں 16 آزاد اراکین اپنی مرضی سے رکھ لیے گئے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کیلئے 75 سال تک کی عمر کی حد متعارف کرا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی اواے کے صدر سمیت دیگر عہدیداروں نے ہمیشہ کھیلوں کونچلی سطح سے فروغ دینے کے دعوے کیے لیکن2004 میںپارلیمنٹ سے منظورکردہ اسپورٹس پالیسی پرعملدرآمد نہیں کیا بلکہ کھیلوں کی جعلی فیڈریشنز بنا کرکھلاڑیوں کا مستقبل تباہی کی راہ پرگامزن کیا۔