پی سی بی نے زمبابوے کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی

361

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں اپنی مہم کا آغاز زمباوے کے خلاف 3 میچوں کی سیریز سے کرے گی۔ 3 ون ڈے میچوں پرمشتمل سیریز کا آغاز30 اکتوبر سے ہوگا۔ ملتان میں کھیلی جانے والی سیریز کے دیگر2 میچز یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے راولپنڈی کا رخ کریں گی، جہاں وہ 7، 8 اور 10 نومبر کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ دراصل آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک سمیت نیدرلینڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔ ایونٹ کی 7 بہترین ٹیمیں اور ایک میزبان ملک کو میگا ایونٹ میں رسائی ملے گی۔ سپر لیگ میں شامل ہر ٹیم کو4 ہوم اور4 اوے سیریز میں شرکت کرنی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہناہے کہ سری لنکا، بنگلا دیش، ایم سی سی اور پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد اب زمباوے کے خلاف سیریزسے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پرامن اور محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے۔ اس سیریز کی تصدیق سے دنیا کو یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستان نے بہت کامیاب انداز سے کورونا وائرس پر قابو پایا ہے۔ذاکر خان نے کہا کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ2023 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے باعث یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ سپرلیگ کاایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک منظم حکمت عملی کے تحت زمباوے کے خلاف میچز ملتان اور راولپنڈی میں منعقد کروارہے ہیں کیونکہ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہنے والا قومی ٹی ٹوئنٹی کپ بھی انہی 2 وینیوز پر کھیلا جارہا ہے، لہٰذا جب تک زمباوے کی ٹیم پاکستان آئے گی ہمیں ان دونوں وینیوز پر بائیو سیکیور ہوٹلز، کھلاڑیوں کی آمد ورفت سمیت گراؤنڈ اور ڈریسنگ روم میں موجود تمام افراد کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کوویڈ19 پروٹوکولز کے نفاذ کا وسیع تجربہ ہوچکا ہوگا۔زمباوے کو دونوں طرز کی کرکٹ کے لیے اپنا 32 رکنی اسکواڈ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے جو اس دوران اپنے وارم اپ میچز بھی آپس میں کھیلیں گے۔کوویڈ19 پروٹوکولز کے مطابق زمباوے کرکٹ ٹیم اپنا پہلا کوویڈ19 ٹیسٹ ہرارے سے کروانے کے 48گھنٹے بعد پاکستان کے لیے اڑان بھرے گی۔ ان کے اسکواڈ میں شامل تمام افراد کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ ان کی اسلام آباد آمد پر لیا جائے گا۔جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کا اسلام آباد میں لیا گیا ٹیسٹ منفی آئے گا انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اس دوران اگر کسی فرد کے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آتی ہے تو اسے5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارناہوں گے اور اس دوران اس کے مسلسل 2 کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے لازمی ہوں گے۔ زمباوے کے خلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلی جائے گی۔