سانحہ موٹروے، ملزم عابد ملہی تاحال قانون کی گرفت سے باہر

198

لاہور (آن لائن) لاہور سیالکوٹ موٹروے سانحہ کا مرکزی ملزم تاحال قانونی گرفت سے باہر ہے جبکہ ملزم عابد ملہی کی گرفتار کے لئے بنائی جانے والی 8 مختلف ٹیمیں ملزم کی گرفتاری میں ناکام ہوگئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ آئی جی پولیس پنجاب نے ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے
سلسلے میں کچے کے علاقوں میں اپنے مخبروں کو کام تیز کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں جبکہ بین الاضلاعی سرحدوں پر بھی پولیس فورس کو داخلے اور خارجی راستوں پر الرٹ کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئی جی پولیس پنجاب نے ملزم عابد ملہی کی 13 روز بعد بھی عدم گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب کے 36 اضلاع کی سطح پر ایک اے ایس آئی اور چار پولیس کانسٹیبلوں پر مشتمل ریپڈ ریسپانس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ جو 24 گھنٹے اپنے اپنے ضلع کی حدود میں گشت کریں گی اور عابد ملہی کی موجود کی اطلاع ملنے پر مقررہ جگہوں پر چھاپے مار سکیں گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹیموں کے انچارج نے اپنے موبائل فون نمبر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو ارسال کردیے ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ لاہور پولیس اب تک ملزم عابد ملہی کے 13 رشتہ داروں کو حراست میں لے چکی ہے۔ گرفتاری کیلیے 8 ٹیمیں بنا چکی ہے اور ملزم کی گرفتاری پر 25 لاکھ روپے کا انعام مقرر کرچکی جبکہ پولیس کو اب تک کوئی کامیابی نصیب نہیں ہوئی۔